بنگلورو،7مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات ہونے میں اب صرف 5 دن باقی ہیں، وہاں سیاسی سرگرمی بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ کرناٹک کے سیاسی میدان جنگ کو جیتنے کے لئے بھارتی جتنا پارٹی سے لے کر کانگریس تک نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہے۔کرناٹک کے عوام کو آمادہ کرنے کے لئے دونوں طرف سے تابڑ توڑ ریلیاں ہو رہی ہیں۔ ریلیوں میں مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی ایک دوسرے پر جم کر تنقید بھی کر رہے ہیں ۔ ان سب کے درمیان وہاں ایک غیر متوقع اور حیرت انگیز واقعہ بھی دیکھنے کو ملا۔ کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا نے نریندر مودی، امت شاہ اور کرناٹک میں پارٹی کے وزیر اعلی کے عہدے کے امیدوار یدی یورپا کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔ سدارمیا نے قانونی نوٹس میں وزیر اعظم نریندرمودی سے انتخابی تقریروں کے دوران کانگریس حکومت پر عائد الزامات کے لئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ سدارمیا کی طرف سے بھیجے گئے نوٹس کے مطابق انتخابی تقریروں کے دوران ریاست کی کانگریس حکومت پر عائد الزامات کے لئے بغیر کسی شرط کے عوامی طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نوٹس میں بی جے پی کے انتخابی اشتہارات کابھی حوالہ دیا گیا ہے ۔